گڈو تھرمل پاور پلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی کے باعث 40 ارب نقصان کا انکشاف
ویب ڈیسک گڈو کشمور: 16 مئی 2022
گڈو تھرمل پاور پلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی کے باعث قومی خزانے کو 40 ارب روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین توانائی کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ پلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی سے ملک کو 40 ارب کا نقصان اٹھانا پڑا۔
کمیٹی نے وزارت توانائی کو نیب اور ایف آئی اے کو خط لکھ کر ریکوری کرانے کی ہدایت کی ہے، چیئرمین نے کہا نیب اور ایف آئی اے کو خط لکھ کر مجھے آج ہی مطلع کیا جائے۔
گیس ٹربائن انکوائری رپورٹ پر عمل نہ ہونے کے باعث چیئرمین کمیٹی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا وزیر توانائی اور سیکریٹری توانائی کو فوراً کمیٹی پہنچ کر بریفنگ دینی چاہیے تھی، ایڈیشنل سیکریٹری صاحب بھی بغیر تیاری کے کمیٹی میں آئے۔
چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا وزیر اعظم نے 3 دن میں میٹرو چلوا دی، آپ کو تیاری میں کتنا وقت درکار تھا؟ دہائیوں سے عہدوں پر بیٹھے جنکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پروا ہی نہیں۔
انھوں نے کہا انکوائری رپورٹ کے مطابق ذمہ داران کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟ رپورٹ کے مطابق سی ای او جنکو کو ہٹا دیا گیا تھا لیکن سی ای او تو کمیٹی میں بیٹھا ہے، معطلی کے باوجود سی ای او کا کمیٹی میں بیٹھنا وزارت کے منہ پہ طمانچہ ہے، وزارت اتنی نا اہل ہے کہ رپورٹ پر عمل نہیں کرا سکتی۔
بعد ازاں کمیٹی نے بی او ڈی اور سی ای او کو فوری طور پر ہٹا نے اور دفاتر کو تالے لگانے کی ہدایت کر دی۔
0 تبصرے
ہمیشہ یاد رکھیئے اپنی منزل کی جانب سفر میں لوگ آپ کے راستے میں پتھر بچھائیں گے۔ مگر یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ ان پتھروں سے اپنے لیئے کیا بنائیں گے؟ مشکلات کی ایک دیوار یا مشکلات سے بھرپور منزل کو پار کرنے کیلئے کامیابی کی ایک پل؟ ایک نصیحت ہے کہ اپنی زندگی کو مثالی بنائیں اور کچھ ایسا کر کے دکھائیں۔ جو آپ سے پہلے کسی نے نہ کیا ہو؟ زندگی کامیابی کی طرف مسلسل ایک جدوجہد کا نام ہے۔ بے حس بے مقصد اور بے وجہ زندگی کسی کام کی نہیں۔ لہٰذا سچ کی پرچار کریں، ظالم کے خلاف مظلوم کی حمایت میں ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں اور انسانیت کی خدمت کر کے اعلیٰ ظرف ہونے کا ثبوت دیں۔ یہ ہی زندگی ہے۔