ویب ڈیسک اسلام آباد: وفاقی وزیر نے کہا کہ کوشش ہے اس ماہ کے آخر تک لوڈشیڈنگ 2 گھٹنے تک لے جائیں، جہاں بلوں کی ریکوری نہیں ہوتی وہاں زیادہ لوڈشیڈنگ ہوگی، بجلی صارفین کی تکلیف کا احساس ہے، اس تکلیف کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ توانائی کا سیکٹر پٹرولیم ڈویژن اور فنانس کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے، تیل اور گیس کی قیمتیں مہنگی ہیں، سابق حکومت نے گیس نہیں خریدی، عالمی مارکیٹ میں کوئلہ چار گنا مہنگا ہو چکا ہے، درآمدی کوئلے پر چلنے والے پلانٹ کو مقامی کوئلے پر منتقل کریں گے، ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوشاں ہیں، آج دوپہر بجلی کا پرائمری شارٹ فال 2 ہزار275 میگاواٹ تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی اجتماعات کو حکومت گرانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، ہمارا فرض ہے اس فتنے کا مضبوطی سے مقابلہ کریں، فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ واضح ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ہم اس غلیظ ذہنیت سے برسر پیکار ہیں، جمہوریت کی اصل روح ایک دوسرے کو برا بھلا کہنا نہیں ہے، 25 مئی کو فسادی مارچ ناکام ہوا ہے، انشاء اللّٰہ یہ آئندہ انتخابات میں ناکام ہوں گے، سابق حکومت کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہیں، 8 سال پہلے اس عمارت پر ڈنڈے لے کر قبضہ کیا گیا تھا، فسادی قوتوں نے پچھلے ہفتے پھر اسلام آباد پر حملہ کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے مل کر 25 تاریخ کو ناکام کیا، کچھ دیر پہلے پھر فسادی زبان کا حملہ ہوا، خاندان کسی کا بھی ہو سب کی عزت ہونی چاہیے، فساد فتنے کا زہر گھولنے والے نہ 2014 میں کامیاب ہوئے نہ اب ہوں گے، ان کے پاس ایک ہی راستہ رہ گیا ہے وہ الیکشن کا ہے، پاکستان میں الیکشن اکتوبر 2023 میں ہوں گے، پاکستان کے عوام سے نوالہ چھیننے کے سوا ان کے عمل میں کچھ نہیں ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کو 70 فیصد پاکستانیوں کا مینڈیٹ ہے، ہم عذاب عمرانی کے اثرات زائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔


0 تبصرے
ہمیشہ یاد رکھیئے اپنی منزل کی جانب سفر میں لوگ آپ کے راستے میں پتھر بچھائیں گے۔ مگر یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ ان پتھروں سے اپنے لیئے کیا بنائیں گے؟ مشکلات کی ایک دیوار یا مشکلات سے بھرپور منزل کو پار کرنے کیلئے کامیابی کی ایک پل؟ ایک نصیحت ہے کہ اپنی زندگی کو مثالی بنائیں اور کچھ ایسا کر کے دکھائیں۔ جو آپ سے پہلے کسی نے نہ کیا ہو؟ زندگی کامیابی کی طرف مسلسل ایک جدوجہد کا نام ہے۔ بے حس بے مقصد اور بے وجہ زندگی کسی کام کی نہیں۔ لہٰذا سچ کی پرچار کریں، ظالم کے خلاف مظلوم کی حمایت میں ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں اور انسانیت کی خدمت کر کے اعلیٰ ظرف ہونے کا ثبوت دیں۔ یہ ہی زندگی ہے۔